سونم وانگچک کا لداخ میں شہریوں کی ہلاکت کی آزادانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:00

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور سینٹرل جیل میں غیر قانونی طورپر نظر بند معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے لداخ خطے کے علاقے لیہہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار شہریوں کی ہلاکت کی آزادانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سونم وانگچک کے وکیل مصطفی حاجی نے ایک بیان میں کہا کہ وانگچک ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہیں تاہم وہ لداخ کے بارے میں انتہائی فکر مند ہیں۔

مصطفی حاجی نے کہا کہ وانگچک نے لیہہ اپیکس باڈی (ایل اے بی)، کارگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) اور دیگر تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آئینی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں ، یہ نمائندہ تنظیمیں لداخ کے مفاد میں جو بھی اقدامات کریں گی، وہ(چانگچک ) ان کے ساتھ ہوں گے۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ وانگچک نے 24 ستمبر کو لیہہ میں احتجاج کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار شہریوں کی ہلاکت کی آزادانہ عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد واتفاق برقرار اور حقوق کی جدوجہد کو پر امن طریقے سے جاری رکھیں۔مودی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے سونم وانگچک کو حقوق کیلئے جدوجہد کی پاداش میں سلاخوں کے پیچھے ڈال رکھا ہے۔