تیسرے سہ فریقی سپیکرز اجلاس میں شرکت کیلئے آذربائیجان کی سپیکر پاکستان پہنچ گئیں

اتوار 12 اکتوبر 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) تیسرے سہ فریقی سپیکرز اجلاس میں شرکت کیلئے آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفاروو پاکستان پہنچ گئیں۔اتوار کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔سپیکر ملی مجلس آف آذربائیجان صاحبہ غفارو سے ملاقات کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سہ فریقی اجلاس میں آپ کی آمد ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے، پاکستان اور آذربائیجان کے عوام اخوت، محبت اور دوستی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام آذربائیجان کے عوام کو اپنا مخلص بھائی تصور کرتے ہیں، دونوں برادر ممالک ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان نے ہمیشہ عالمی و علاقائی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی تائید کی ہے۔اس موقع پرآذربائیجان کی سپیکر صاحبہ غفاروو نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی مشکور ہوں،پاکستان اور آذربائیجان کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کو اپنا مخلص دوست اور بھائی تصور کرتا ہے۔دونوں برادر ممالک کے مابین احترام اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آمد پر دلی خوشی ہوئی۔