جن کی شادی ان کی شادی میں سجل اور احد کو ساتھ کاسٹ کرنے پر چینل نے اعتراض کیا، شمعون عباسی

ڈرامے کے لکھاری سید نبیل میرے بہت اچھے دوست ہیں اور وہ اچھی کامیڈی لکھ سکتے ہیں، لیکن خود سے مکمل اسکرپٹ نہیں لکھ سکتے

پیر 13 اکتوبر 2025 11:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) اداکار، لکھاری، ہدایت کار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ جن کی شادی ان کی شادی میں سجل علی اور احد رضا میر کو ایک ساتھ کاسٹ کرنے پر چینل نے اعتراض کیا تھا۔ہم ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈراما جن کی شادی ان کی شادی اپنی منفرد کہانی کی وجہ سے ناظرین میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔

قبل ازیں شمعون عباسی نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے دعوی کیا تھا کہ ڈراما سیریل جن کی شادی ان کی شادی کی کہانی اور عنوان اصل میں ان کا ہی تخلیق کردہ ہے۔انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی کہانی کسی اور شخص کو سنائی، جس نے اسے تحریری شکل دی، اور پوری ٹیم اس بات سے واقف تھی، ابتدائی طور پر وہ خود ڈرامے کی ہدایت کاری کرنا چاہتے تھے، لیکن بعد میں یہ موقع سیفی حسن کو ملا۔

(جاری ہے)

شمعون عباسی نے حال ہی میں 24 نیوز کے ڈراما ریویو شو کیا ڈرامہ ہے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اس حوالے سے مزید معلومات شیئر کیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈراما بنانے والوں نے ان کے تصور کو کافی حد تک تبدیل کر دیا، ان کا آرٹ ورک فینٹسی کے قریب تھا، وہ ڈرامے میں مختلف فرنیچر، بہتر روشنی اور ایک وِنٹیج احساس دکھانا چاہتے تھے، جیسا کہ لارڈ آف دی رنگز میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈرامے میں خوبصورت چہرے تو دکھانا چاہتے تھے، لیکن ان کے تخیل میں وہ سب بونگے تھے۔شمعون عباسی نے بتایا کہ ڈرامے کے لکھاری سید نبیل ان کے بہت اچھے دوست ہیں اور وہ اچھی کامیڈی لکھ سکتے ہیں، لیکن خود سے مکمل اسکرپٹ نہیں لکھ سکتے، انہیں فون پر ہدایات دینی پڑتی تھیں، جیسے کہ یہ سین ڈیلیٹ کرو، آگے یہ لکھو۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب ڈرامے کی کہانی مکمل ہو گئی تو وہ خود اسے ڈائریکٹ کرنا چاہتے تھے اور اس کے لیے انہوں نے تقریبا چھ ماہ انتظار بھی کیا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ پروڈکشن ہاس نے کسی اور ڈائریکٹر کا انتخاب کر لیا۔

شمعون عباسی کے مطابق انہوں نے پروڈکشن ہاس سے رابطہ کیا، جس پر انہیں بتایا گیا کہ معاوضہ کے طور پر وہ کسی اور ڈرامے کو ڈائریکٹ کر سکتے ہیں، لیکن وہ بھی نہیں ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :