پاکستان: یو این کی مدد سے عدالتی معلمین کی پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد

یو این جمعہ 17 اکتوبر 2025 01:45

پاکستان: یو این کی مدد سے عدالتی معلمین کی پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 17 اکتوبر 2025ء) پاکستان میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور یورپی یونین کے اشتراک سے عدالتی معلمین کی پہلی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا ہے جس سے عدالتی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، عدالتی تربیت گاہوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور انصاف کی فراہمی کو موثر بنانے میں مدد ملے گی۔

دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں ملک بھر سے 37 عدالتی معلمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے عدالتی تربیت کو ملک میں عدالتوں کے نظام کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ایک مشترکہ لائحہ عمل کی منظوری دی گئی جس کا مقصد عدالتی تربیت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ بلوچستان کی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس روزی خان بڑیچ نے کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ یہ کانفرنس عدالتی تربیت کے شعبے میں ہم آہنگی اور اشتراک کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے ملک بھر کی عدالتی اکیڈمیوں کو اپنے تجربات بانٹنے اور مستقبل کے لیے مربوط تربیتی منصوبہ تیار کرنے کا موقع ملے گا۔

عدالتی نظام کی سمجھ بوجھ

اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ شرکاء ان اکیڈمیوں کو مزید مؤثر، فعال اور منظم بنانے پر اتفاقِ رائے پیدا کریں گے اور اعلان کیا کہ بلوچستان عدالتی تربیت کے اس منصوبے پر عمل درآمد کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا۔

وفاقی عدالتی اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل حیات علی شاہ نے کہا کہ عدالتی تعلیم بے حد ضروری ہے۔ نگرانی سے لوگ قانون پر عمل تو کر سکتے ہی، مگر تعلیم اُن کے دل میں یقین اور سمجھ پیدا کرتی ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ لوگ عدالتوں کا دل سے احترام کریں اور قانون کی پابندی کریں تو عدالتی تعلیم کے مقصد کو نئے انداز میں سمجھنا اور بہتر بنانا ہو گا۔

© UNDP Pakistan
دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں ملک بھر سے 37 عدالتی معلمین نے شرکت کی۔

انصاف کے عزم کی تجدید

یورپی یونین کے تعاون سے جاری 'ڈلیور جسٹس پروگرام' کے تحت 'یو این ڈی پی'، یو این ویمن اور اقوام متحدہ کا ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) ملک کے پسماندہ علاقوں میں انصاف کی فراہمی، خواتین کے حقوق اور عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔

پاکستان میں (یو این ڈی پی) کے معاون نمائندے قیصر اسحاق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی اسی صورت ممکن ہے جب ادارے مضبوط اور منصفانہ ہوں۔

اُنہوں نے یورپی یونین اور تمام صوبائی عدالتی اکیڈمیوں کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں انصاف کے نظام کو مزید مضبوط بنائے گی۔

کانفرنس کی اختتامی تقریب میں بات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالتی تربیت کا مقصد صرف قانون کی تعلیم نہیں بلکہ انصاف، ہمدردی اور انسانی وقار کو فروغ دینا بھی ہے۔ یہ کانفرنس انصاف کے لیے ایک مشترکہ عزم کی تجدید ہے۔