گھانا کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے کوالیفائی کرلیا

پیر 13 اکتوبر 2025 17:28

گھانا کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے کوالیفائی کرلیا
جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) گھانا کی فٹ بال ٹیم نے کو اکرا میں کھیلے گئے اہم میچ میں کوموروس کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 0-1گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اے ایف پی کے مطابق اس جیت کے ساتھ ہی گھانا افریقاسے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی پانچویں ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل الجزائر، مصر، مراکش اور تیونس پہلے ہی اپنی جگہ پکی کر چکے ہیں۔

محمد قدوس نے میچ کے 47ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی ۔40 ہزار شائقین سے بھرے سٹیڈیم میں گھانا نے پہلے ہاف میں میدان اور گیند پر مکمل کنٹرول رکھا، لیکن ان کے حملے سست تھے، جس کے باعث کوموروس کے گول کیپر عادل انزیماتی ابودو کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

یہ کامیابی گھانا کے لیے اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ کوموروس نے 2022 کے افریقا کپ آف نیشنز (اے ایف سی او این ) میں گھانا کو حیران کن شکست دی تھی اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے دوسرے راؤنڈ میں بھی انہیں زیر کیا تھا۔

گھانا نے 10 میچز میں 25 پوائنٹس حاصل کر کے گروپ I میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مڈغاسکرکی ٹیم 19 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی ، اگرچہ اسے تیسرے نمبر پر موجود مالی کے ہاتھوں 1-4 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بلیک سٹارز کی یہ پانچویں مرتبہ عالمی کپ میں شرکت ہوگی۔ گھاناکی ٹیم کی بہترین کارکردگی 2010 کے جنوبی افریقا ورلڈ کپ میں دیکھی گئی، جب وہ کوارٹر فائنل میں یوراگوئے سے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی ۔

اس کامیابی نے کوچ اوٹو ایڈو پر گھانا فٹبال فیڈریشن کے اعتماد کو درست ثابت کر دیا، جنہیں گزشتہ سال خراب کارکردگی کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرناپڑا تھا۔ گھانا کی ٹیم نے افریقہ کپ آف نیشنز 2025 کے کوالیفائنگ میچز میں ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کی تھی اور انگولا، سوڈان اور نائجر کے بعد گروپ میں آخری نمبر پر رہی تھی ۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے، اور یہ پہلی بار ہوگا کہ عالمی کپ میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔