ڈیرہ غازی خان پولیس کا کریک ڈاؤن، 17 کروڑ روپے مالیت کی گندم و آٹا برآمد

پیر 13 اکتوبر 2025 17:33

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈیرہ غازی خان پولیس نے گندم اور آٹے کی سمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے دوران 2 ماہ کے دوران 17 کروڑ روپے مالیت کی 2188.04 میٹرک ٹن گندم و آٹا برآمد کر لیا۔ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق پولیس نے مختلف چیک پوسٹوں اور بارڈر ایریاز میں کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے گندم اور آٹے کی سمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام بنائیں۔

تھانہ وہوا بارڈر ایریا میں کارروائی کے دوران 62.705 میٹرک ٹن گندم برآمد ہوئی جس کے ساتھ مجموعی طور پر 1197.46 میٹرک ٹن گندم ضبط کی گئی۔تریمن چیک پوسٹ سے 646.85 میٹرک ٹن گندم اور 199.44 میٹرک ٹن آٹا برآمد کیا گیا۔اس طرح چیک پوسٹ سخی سرور میں کامیاب آپریشن کے دوران 50.21 میٹرک ٹن گندم اور 94.08 میٹرک ٹن آٹا قبضے میں لے کر فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 1894.52 میٹرک ٹن گندم اور 293.52 میٹرک ٹن آٹا برآمد کیا جا چکا ہے اور یہ تمام مال محکمہ خوراک کے حوالے کیا جا چکا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) طارق ولایت نے کہا کہ گندم و آٹے کی سمگلنگ ملک کی غذائی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور بڑے گندم سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :