گوادر کی طالبات نے پاک چین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں داخلے شروع کر دیئے

پیر 13 اکتوبر 2025 22:53

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) گوادر میں نوجوان طالبات کی ایک بڑی تعداد نے تعلیم کے روایتی دائرے سے ہٹ کر جدید ڈیجیٹل مہارتوں کے کورسز میں داخلہ لینا شروع کر دیا،ان کورسز میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا اینالٹکس، اور گرافک ڈیزائن شامل ہیں، یہ کورسز پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت قائم کردہ فلیگ شپ منصوبے پاکطچین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں کروائے جا رہے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد طالب علموں کو جدید ڈیجیٹل معیشت میں بہتر ملازمتوں کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔ روایتی تعلیم اکثر جدید صنعتی تقاضوں کو پورا نہیں کرتی۔گوادر پرو کے مطابق انسٹی ٹیوٹ میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا اینالٹکس اور گرافک ڈیزائن جیسے کورسز کی پیشکش کی جا رہی ہے، جن کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف گوادر کے مطابق، ادارے میں ٹیکنالوجی اور کاروبار سے متعلق 12 مختصر کورسز کے لیے مجموعی طور پر 209 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں سے 82 طالبات ہیں۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے کورس میں خواتین کی شمولیت سب سے نمایاں رہی، جہاں 10 خواتین اور 6 مرد امیدوار منتخب ہوئے۔ اسی طرح فری لانسنگ کورس کے لیے منتخب 8 امیدواروں میں سے 6 طالبات تھیں۔

ڈیٹا اینالٹکس اور بزنس انٹیلیجنس کورس میں بھی خواتین نے بھرپور حصہ لیا، جہاں 21 میں سے 10 منتخب امیدوار طالبات تھیں۔ گوادر پرو کے مطابق یہ تین ماہ پر مشتمل کورسز چین کے شینزن انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (SICT) کے تعاون سے کروائے جا رہے ہیں، جن میں چینی اساتذہ پاکستانی ماہرین کے ساتھ مل کر تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ تربیتی پروگرام میں مصنوعی ذہانت، پائتھن پروگرامنگ، موبائل ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائن اور آفس آٹومیشن جیسے موضوعات شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، 127 مرد اور 82 خواتین نے ان کورسز کے لیے کامیابی حاصل کی۔ اگرچہ پائتھن پروگرامنگ، اے آئی ایجنٹ ڈویلپمنٹ اور موبائل ایپ ڈویلپمنٹ جیسے شعبوں میں مردوں کا غلبہ ہے، لیکن خواتین نے بھی کئی شعبوں میں بھرپور شرکت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ گرافک ڈیزائن اور آفس آٹومیشن میں مرد و خواتین کی تعداد تقریباً برابر رہی۔

گوادر پرو کے مطابق انسٹی ٹیوٹ کا مقصد مقامی نوجوانوں کو عالمی معیار کی جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں خطے کی معاشی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ نوجوان طالبات اس موقع کو نہ صرف معاشی خودمختاری کے حصول کا ذریعہ سمجھ رہی ہیں بلکہ ایک روشن مستقبل کی جانب بھی اہم قدم تصور کر رہی ہیں۔