والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں،ڈپٹی کمشنر لورالائی

پیر 13 اکتوبر 2025 19:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیرِ صدارت انسداد پولیو مہم ایوننگ اجلاس منعقد ہوا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،ڈاکٹر عبدالحیلم اوتمانخیل، ڈبلیو ایچ او،کے ڈاکٹر زرک خان،محمد ہا شم اور فوکل پرسن پولیو مختیارخان لونی پروگرام، فیلڈ سپروائزرز، محکمہ تعلیم، پولیس اور سی ایم اوز کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں پولیو مہم کے دوران بچوں پولیو ویکسین کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق تمام فیلڈ ٹیمیں بھرپور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے پولیو عملے کو ہدایت دی کہ رہ جانے والے گھروں تک رسائی یقینی بنائی جائے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ مستقبل کی نسل کو معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے یونین کونسلز کے عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔