گرانفروشی پر گوشت کی چار دکانیں سیل، 5 قصاب جیل منتقل

پیر 13 اکتوبر 2025 20:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنرو ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) عادل علی کی نگرانی میں گلگت میں قصابوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

میٹ انسپکٹر ڈاکٹر مشتاق عالم اور میونسپل مجسٹریٹس عمران اللہ ، محمد طاہر اور میونسپل پولیس فورس کے جوانوں کے ہمراہ گوشت کی قیمتوں اور معیار کو چیک کرنے کے لیے جوٹیال کینٹ ، جوٹیال پبلک چوک بازار جنرل بس سٹینڈ سمیت شہید ملت روڈ کے علاقے میں وسیع آپریشن کیا گیا۔

نرخوں کی خلاف ورزی پر گوشت کی 4 دکانیں سیل اور 5 قصابوں کو جیل بھیج دیا گیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی عوام کا استحصال نہ کرے اور لوگوں کو اشیائے خوردونوش طے شدہ نرخوں کے مطابق ملیں ۔انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گرانفروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ خود ساختہ مہنگائی روکنے میں مدد مل سکے ۔