پاکستان ازبکستان کے ساتھ صحت کے تمام شعبوں میں تعاون کیلئے پُرعزم ہے، وفاقی وزیرسید مصطفیٰ کمال

پیر 13 اکتوبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ صحت کے تمام شعبوں میں تعاون کیلئے پُرعزم ہے،دونوں ملکوں کے عوام کی صحت کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے، وزارتِ صحت کی سطح پر ادارہ جاتی تعاون کو بڑھایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف سے ملاقات کے دوران کیا ۔

دونوں رہنماؤں نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔ملاقات میں صحت کے شعبے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور گہرے مراسم ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان طبی تعلیم، تحقیق اور ڈیجیٹل میڈیسن میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا ۔

(جاری ہے)

مشترکہ منصوبوں کے لئے مفاہمتی یادداشت یا معاہدے پر عملدرآمد اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی و تحقیقی اشتراک فروغ پر بھی اتفاق ہوا ۔

پاکستان میں تاشقند اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی کی شاخ کے قیام پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کے لئے قلیل مدتی تربیت و انٹرن شپ پروگرامز ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔کارڈیالوجی،آنکولوجی،اینڈوکرائنولوجی اور سرجری میں تربیتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل ہیلتھ، ٹیلی میڈیسن اور اے آئی پر مبنی تشخیص میں اشتراک کو بھی بڑھائیں گے ۔