ایڈم زمپا اور جوش انگلس بھارت کے خلاف پرتھ ون ڈے سے باہر، میتھیو کوہنین اور جو فلپے ٹیم میں شامل

منگل 14 اکتوبر 2025 08:30

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر ایڈم زمپا اور وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس بھارت کے خلاف پرتھ میں ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے ان کی جگہ سپنر میتھیو کوہنین اور وکٹ کیپر بلے باز جوش فلپے کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ایڈم زمپا گھریلو مصروفیات کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی اہلیہ عنقریب دوسرے بچے کی ماں بننے والی ہیں۔

ایڈم زمپا نے پرتھ کا سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہاں سے واپسی میں وقت لگتا ہے۔ وہ ممکنہ طور پر ایڈیلیڈ اور سڈنی میں ہونے والے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچوں میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔دوسری جانب جوش انگلس اب بھی پنڈلی کی تکلیف سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں اور وہ نہ صرف پہلا بلکہ دوسرا میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ وہ 25 اکتوبر کو سڈنی میں شیڈول تیسرے ون ڈے سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔

جوش فلپے کو ایلکس کیری کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ایلکس کیری ایڈیلیڈ میں شیفیلڈ شیلڈ میچ کھیلیں گے تاکہ ایشیز سیریز کے لیے تیاری کر سکیں۔ جوش فلپے جنہوں نے آخری بار 2021 میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا، حالیہ دنوں میں آسٹریلیا اے کے لیے شاندار فارم میں دکھائی دیئے ہیں۔میتھیو کوہنین جنہوں نے آخری بار 2022 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے کھیلا تھا، تین سال بعد ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔

یہ ان کا پہلا موقع ہو گا جب وہ آسٹریلوی سرزمین پر ایک روزہ میچ کھیلیں گے۔آسٹریلوی سلیکٹرز ایشیز سے قبل تینوں فارمیٹس کے کھلاڑیوں کو متوازن طریقے سے سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کیمرون گرین ابتدائی 2 ون ڈے میچوں میں شرکت کریں گے لیکن تیسرے میچ کے لیے ان کی دستیابی مشکوک ہے تاکہ وہ شیفیلڈ شیلڈ میں حصہ لے سکیں۔