پنجاب حکومت کا پہلا جدید ڈیجیٹل پروفائلنگ سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ

منصوبے کا مقصد دہشتگردی، منظم جرائم اور ڈیجیٹل خطرات کی بروقت نشاندہی اور موثر نگرانی کو ممکن بنانا ہے

منگل 14 اکتوبر 2025 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2025ء) پنجاب حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے میں پہلا ڈیجیٹل پروفائلنگ سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد دہشتگردی، منظم جرائم اور ڈیجیٹل خطرات کی بروقت نشاندہی اور موثر نگرانی کو ممکن بنانا ہے۔پراجیکٹ کے لیے 33کروڑ 44لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جسے دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے کے لیے 20کروڑ 44لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے 13 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔جدید سسٹم کے تحت ہائی پروفائل افراد، تنظیموں اور ممالک کی ڈیجیٹل پروفائلنگ کی جائے گی۔دنیا بھر کے عالمی خطوں، موضوعات اور اہم واقعات سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے میں ویڈیو اینالٹکس، اوپن سورس انٹیلی جنس، اور ڈیٹا آرکائیونگ کے جدید ترین فیچرز شامل ہوں گے۔

یہ سسٹم پنجاب انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کا حصہ ہوگا اور اس کے ذریعے نہ صرف داخلی بلکہ بین الاقوامی سطح پر خطرات کا قبل از وقت سراغ لگایا جا سکے گا۔حکام کے مطابق ڈیجیٹل پروفائلنگ سسٹم سے دہشتگردی، سائبر کرائمز، اور دیگر منظم جرائم کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی، جس سے سیکیورٹی اداروں کو عملی اقدامات میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :