بلوچستان کی خواتین نہایت باصلاحیت، ذہین اورباہمت ہیں جو صوبے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

منگل 14 اکتوبر 2025 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے بلوچستان (مکران ڈویژن اور رخشان ڈویژن )سے تعلق رکھنے والی خواتین وکلاء کے ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین وکلاء اسلام آباد کے دورے پر ہیں اور یہاں جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی کورس میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین نہایت باصلاحیت، ذہین اور باہمت ہیں جو صوبے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خواتین معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے اور ان کے لئے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ لیکن بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، گوادر پورٹ جیسے منصوبے بلوچستان کو علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کا مرکز بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبوں میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

سیدال خان نے خواتین وکلاء پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور توانائیوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے صوبے اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین اگر آگے بڑھیں گی تو یہ پورے ملک کی ترقی کی ضمانت بنے گا۔ خواتین وکلاء کے وفد نے مکران ڈویژن اور دیگر علاقوں میں درپیش مسائل سے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ بلوچستان کی ترقی، خواتین کے بااختیار ہونے اور نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لئے ہر فورم پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔