آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سی پیک روٹس اور چائنیز ورکرز کی سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد

منگل 14 اکتوبر 2025 18:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔خیبر پختونخوا پولیس تر جمان کے مطابق اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز محمد علی بابا خیل، ڈی آئی جی فنانس فدا حسن شاہ، کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈی آئی جی محمد سلیمان، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ ربنواز خان اور ڈی آئی جی آپریشنز شاکر حسین داوڑ نے باقاعدہ شرکت کی جبکہ تمام ریجنل پولیس افسران بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس میں سی پیک روٹس اور مختلف پراجیکٹوں پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سکیورٹی کے حوالے سے اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور سکیورٹی صورتحال کو مزید موثر بنانے کے لیے نئی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس افسران نے آئی جی پی کو اپنے اپنے ریجنز میں سی پیک روٹس پر سکیورٹی اور پولیس گشت سمیت جرائم کی روک تھام کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے آئی جی پی کو صوبے میں اپنے اپنے ریجنز میں موجود چینی ورکروں کو فراہم کی جانیوالی سکیورٹی اور انکی رہائش/ آمدورفت کو محفوظ بنانے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے بھی بتایا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تمام ریجنل پولیس افسران کی طرف سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چائینز شہریوں کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

آئی جی پی نے کہا کہ تمام چینی باشندوں کی نقل و حرکت و رہائشی مقامات پر سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرپر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سی پیک روٹس پر پولیس گشت بڑھانے اور سی پیک روٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے خصوصی پلانز ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت اور انکو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے جسکے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔