اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی سری لنکا کے ہائی کمشنر سے ملاقات،دوطرفہ تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

منگل 14 اکتوبر 2025 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں وفد نے پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنرفریڈ سنی ویراتنے سے ملاقات کی۔ وفد میں سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری ، سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی طاہر ایوب اور نائب صدر آئی سی سی آئی چوہدری عرفان شامل تھے۔

وفد نے ہائی کمشنر کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ہائی کمشنر فریڈ سنی ویراتنے نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) کو ازسرِنو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز دی کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری سطح اور وزارتی سطح پر رابطے بڑھائے جائیں تاکہ فارماسیوٹیکل، زراعت، آلو، چاول اور کٹلری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر نے آئی سی سی آئی کو کاروباری وفد سری لنکا بھیجنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فنانس، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سری لنکن ہائی کمیشن دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان کاروباری، ثقافتی روابط بڑھانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ کراچی اور لاہور سے سری لنکا کے لئے دو براہِ راست پروازیں شروع ہو چکی ہیں جبکہ اسلام آباد سے بھی جلد براہِ راست پرواز کے آغاز پر کام جاری ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور روابط میں مزید اضافہ ہوگا۔

صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان زرعی تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، خصوصاً آلو اور دیگر زرعی اجناس کی برآمد کے شعبے میں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور سٹاک مارکیٹ مثبت سمت میں جا رہی ہیں اور دونوں ممالک کو موجودہ تجارتی رکاوٹوں کو ختم کر کے باہمی فوائد حاصل کرنے چاہئیں ۔

انہوں نے ہائی کمشنر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ پاکستانی تاجروں سے ملاقات کر کے مشترکہ کاروباری مواقع پر بات کر سکیں۔ظفر بختاوری ،سیکرٹری جنرل یو بی جی نے پاکستان اور سری لنکا کے تاریخی دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سری لنکا وہ پہلا ملک تھا جس نے اُس وقت پاکستان میں اپنی کرکٹ ٹیم بھیجی جب دیگر ممالک نے پاکستان کا دورہ معطل کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اور خلوص پر مبنی دوستی کی علامت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب امریکی ڈالر تک پہنچ سکتا ہے اور زور دیا کہ پاکستان اور سری لنکا کو اس ہدف کے حصول کے لئے مزید قریبی تعاون کرنا چاہئے۔طاہر ایوب سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو زرعی شعبے میں تعاون بڑھانا چاہئے اور برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور دونوں ممالک بہتر تجارتی شراکت داری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ملاقات کا اختتام دونوں ممالک کے اس عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے سرکاری و نجی سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔