گزشتہ دنوں دین کے نام پرجو کھیل کھیلا گیا ہر مسلمان،محب وطن اس کی مذمت کرتا ہے‘ اختر اقبال ڈار

اسلام بھائی چارہ،برداشت،صبر،رواداری،انصاف،امن کا درس دیتا ہے ‘ چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

منگل 14 اکتوبر 2025 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختراقبال ڈارنے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں دین کے نام پرجو کھیل کھیلا گیا ہے ہر مسلمان،محب وطن اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے ،نبیوں،پیغمبروں،اولیائے کرام نے پیار محبت وکردار سے اسلام کی ترویج واشاعت کیلئے کردارادا کیا نہ کہ تخریب کاری،جلا ئوگھیرائو،تشدد اورراستے بند کرکے ،اسلام تو راستے کھولنے اور راستوں سے پتھر ہٹانے کاحکم دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے مختلف وفودسے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اختراقبال ڈارنے کہاکہ ہمارا کردار ہی عاشق رسول ﷺ ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہے ،جلوس،جلائو گھیرائو،تشدد کرکے ہم عاشق رسول نہیں بن سکتے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام بھائی چارہ،برداشت،صبر،رواداری،انصاف،امن کا درس دیتا ہے ،لفظ اسلام سلامتی سے نکلا ہے ،اسلام کا پیغام ہی سلامتی اور خیر خواہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام دوسرے کے عقائد،خیالات،اختلافات کو برداشت کرنے کا حکم دیتا ہے اور غیر مسلموں سے بھی حسن سلوک کادرس دیتا ہے ۔