سوات ،چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کا باضابطہ آغاز ہوگیا

منگل 14 اکتوبر 2025 21:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع سوات میں بھی چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر انور جمال، انچارج ایریا کوآرڈینیٹرز خواجہ عرفان، ای پی آئی کوآرڈینیٹر، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈاکٹر انور جمال نے ڈپٹی کمشنر سوات کو مہم کی مجموعی کارکردگی، روزانہ کوریج اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیو فکسڈ پوائنٹس، ٹرانزٹ ٹیموں اور موبائل ٹیموں کی کارکردگی، فیلڈ کوریج، عوامی تعاون اور ٹیموں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور لیویز فورس کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انچارج ایریا کوآرڈینیٹر خواجہ عرفان نے بھی مہم کے کوریج کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت دی کہ مہم کے دوران کسی بھی بچے کو پولیو ویکسین سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں۔ڈپٹی کمشنر سوات نے مزید کہا کہ انسدادِ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے جس کی کامیابی ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے لہذا مہم کے دوران عوامی آگاہی اور تعاون کو مزید مثر بنایا جائے تاکہ سوات پولیو سے مکمل طور پرپاک ضلع بن سکے۔