تربت یونیورسٹی میں معلوماتی اور انٹرایکٹو آن لائن سیشن کا انعقاد

منگل 14 اکتوبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) تربت یونیورسٹی میں معلوماتی اور انٹرایکٹو آن لائن سیشن کا انعقاد کیاگیاجس کی میزبانی شعبہ مینجمنٹ سائنسز،شعبہ کامرس اور شعبہ اکنامکس نے کی۔ یونیورسٹی آف تربت اورڈارسن سیکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کےتعاون سے منعقدہ سیشن میں ان شعبہ جات کے فیکلٹی اور طلباء نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

نظامت کے فرائض شعبہ مینجمنٹ سائنسزکےسربراہ ڈاکٹر غلام جان نے انجام دیئے۔مہمان مقررڈارسن سیکیورٹیز کے سی ای او ملک دل اویز احمد،انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس آف پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر مبشر صادق، پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن کے سی ای او بلال فاروق زردی اور ڈارسن سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ محمد عظیم نے شرکاء سے خطاب کرتےہوئے کیپیٹل مارکیٹس اورسمارٹ انویسٹنگ پرتفصیلی گفتگوکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرمایہ کاری اورگیمبلنگ کے درمیان فرق کو بھی تفصیل کے ساتھ واضح کیا۔ مقررین نے ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کے طریقہ کار،سرمایہ کاری کے مختلف پہلوئوں اورفنانشل لٹریسی کے علاوہ معاشی ترقی کے لئے بروکریج فرموں کے کلیدی کردار،مارکیٹ ریگولیشن اور مالیاتی تعلیم کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی۔سیشن کے دوران شرکاء کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کا مقررین نے پیشہ ورانہ اور علمی اندازمیں جواب دیا۔

اس موقع پرفیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کےڈین ڈاکٹر عدیل احمد نے سیشن کے انعقاد کوسراہتے ہوئے فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنا مکس کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ترغیب دی کہ وہ یونیورسٹی اور انڈسٹریز کے درمیان روبط کو مزید مضبوط کرنے کے لئے آئندہ بھی اس نوعیت کے سیشنزمنعقد کیا کریں تاکہ طلباء قومی اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کو عملی طور پر سمجھ سکیں۔اس موقع پرتربت یونیورسٹی کے کنٹرولرامتحانات ڈاکٹر عبدالماجد نا صر، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کےڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر بادینی نے بھی اظہار خیال کیا۔سیشن میں فیکلٹی ممبران چاکر فیض، محمد عالم، عطیہ اسلم، شاہل سید اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنزاعجاز احمد بھی موجود تھے۔