فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں،آئی جی پنجاب

بدھ 15 اکتوبر 2025 10:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور میں دہشگردوں کے تین مختلف حملوں میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 14 پولیس شہدا کی 16 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا ہمارا فخر ہیں،انکی قربانی کے باعث آج پوری قوم اپنے وطن میں محفوظ زندگی گزار رہی ہے، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزندوں کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 2009 میں 15اکتوبر کو دہشتگردوں نے تین مختلف مقامات کو نشانہ بنایا، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول، پولیس ٹریننگ سکول مناواں اور ایف آئی اے بلڈنگ پر حملہ کیا گیا، تینوں حملوں میں پولیس کے 14 پولیس افسران و اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ پولس ٹریننگ سنٹر مناواں پر دہشتگردوں کے حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے،ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول پر حملے میں 03، ایف آئی اے بلڈنگ پر حملے میں ایک پولیس افسر شہید ہوا۔ شہید ہونے والوں میں 02 انسپکٹر، 02 سب انسپکٹر، 01 اے ایس آئی، 01 ہیڈ کانسٹیبل ،05 کانسٹیبلز اور 03 ڈرائیور کانسٹیبلز شامل ہیں ۔