Live Updates

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین کا محکمہ کوآپریٹو کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس

محکمہ کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے محکمہ کوآپریٹو کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی، جس میں محکمہ کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محکمہ کوآپریٹو کے نمائندگان نے بتایا کہ ادارہ اپنی تنظیمی ساخت، بجٹ کے نظم و نسق اور بھرتی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنا رہا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ کا اپنا عدالتی نظام قائم ہے جہاں متعلقہ مقدمات نمٹائے جاتے ہیں۔ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے اس نظام کو ایک مثبت اور مؤثر اقدام قرار دیا۔محکمہ نے آگاہ کیا کہ 98 فیصد کام کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس میں زمینوں کے ریکارڈ اور ٹائٹلز کی کمپیوٹرائزیشن (CLTR) بھی شامل ہے۔

اس وقت 172 کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 99 آن لائن سسٹم پر منتقل ہو چکی ہیں۔محکمہ کوآپریٹو اس وقت تقریباً 2 لاکھ کسانوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جنہیں اب تک 15 ارب روپے سے زائد کے قرضے دیے جا چکے ہیں جبکہ 10 ارب روپے سے زیادہ کی ڈپازٹس موجود ہیں۔ یہ اعداد و شمار محکمہ کے عوامی اعتماد اور شفاف مالی نظام کی عکاسی کرتے ہیں۔

محکمہ کا وژن زرعی کوآپریٹو سوسائٹیز کی بحالی ہے، جس کے تحت عام کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ جدید زرعی آلات اور ٹریکٹرز کی خریداری کے ذریعے اپنی زمینوں پر پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔مزید بتایا گیا کہ محکمہ کی بین الاقوامی شراکت داری بھی قائم ہے، جن میں ورلڈ بینک کی شراکت داری شامل ہیں۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے محکمہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحات صوبے میں زرعی ترقی اور دیہی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

محکمہ کے نمائندگان نے حکومت پنجاب سے درخواست کی کہ انہیں بھی بینک آف پنجاب کی طرز پر اعتماد اور مالی معاونت فراہم کی جائے۔ اس پر چیئرپرسن نے یقین دہانی کرائی کہ وہ یہ معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے پیش کریں گے۔چیئرپرسن نے ہدایت دی کہ محکمہ اپنی سرگرمیوں کو جنوبی پنجاب خصوصاً علی پور، ظفروال، اٹھارہ ہزاری اور کوٹ چوٹھہ جیسے علاقوں تک وسعت دے، جہاں وسیع اراضی قابلِ کاشت ہونے کے باوجود غیر استعمال شدہ ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ وہ جلد کسانوں کے لیے اے ٹی ایم سروس متعارف کروا رہا ہے تاکہ قرضوں کی رقوم کی آسانی سے ادائیگی ممکن ہو۔آخر میں چیئرپرسن نے تجویز دی کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز پر عائد پابندیوں کا جائزہ لیا جائے، ان کی کریڈٹ لیمٹ میں اضافہ کیا جائے اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے جعلی منصوبوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ عوام کے مفادات محفوظ رہیں۔انہوں نے زور دیا کہ عوامی سہولت کے لیے کلرک مافیا کا خاتمہ، بدعنوانی کا انسداد، شفافیت اور آن لائن سسٹم کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور محکمہ کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات