کراچی: سینٹرل جیل سے رہا ہونے والا شخص جیل سے باہر آتے ہی قتل،پولیس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سینٹرل جیل کے باہر جمشید کواٹرز تھانے کی حدود میں چھری کے وار کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چھیپا حکام کے مطابق سینٹرل جیل کے باہر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد جمع کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ بعد ازاں تحقیق میں معلوم ہوا کہ مقتول کو فائرنگ نہیں بلکہ چھری کے وار سے قتل کیا گیا۔

ایس ایچ او انصر بٹ کے مطابق پولیس نے قتل میں ملوث ایک ملزم گلشن ابڑو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔انصر بٹ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت امیر بخش کے نام سے ہوئی ہے جو لاڑکانہ کا رہائشی تھا۔

(جاری ہے)

مقتول کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گلستان جوہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

مقتول جیل سے رہائی حاصل کرکے باہر آیا تھا کہ گھاٹ لگائے ملزمان کا نشانہ بن گیا۔ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم گلشن ابڑو نے انکشاف کیا کہ قتل کی وجہ پرانی دشمنی تھی اور حملہ آور کو پہلے سے علم تھا کہ امیر بخش بدھ کو جیل سے رہا ہوگا۔ملزم اور اس کے ساتھی جیل کے باہر گھات لگائے بیٹھے تھے، جیسے ہی مقتول باہر نکلا، انہوں نے حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔