سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کی خود انحصاری اور اعتماد کی علامت ہے، سپیکرقومی اسمبلی

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:41

سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کی خود انحصاری اور اعتماد کی علامت ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کی خود انحصاری اور اعتماد کی علامت ہے۔ سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے بصارت سے محروم افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد معاشرے کے فعال اور محنتی طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں،ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر انہیں معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے تعلیم، روزگار اور سہولتوں کی فراہمی اجتماعی ذمہ داری ہے،پارلیمان ان افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے بصارت سے محروم افراد کے لیے آئینِ پاکستان کو بریل رسم الخط میں شائع کیا، اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لیے قابلِ رسائی بنایاگیا ہے، جدید ٹیکنالوجی اور ہنر مندی کی تربیت بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری کےلیے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ا ن کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی شعبہ بصارت سے محروم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں، یہ افراد ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی کا دن بصارت سے محروم افراد کے لیے حوصلہ افزائی اور قومی عزم کی تجدید کا دن ہے۔\932