بروقت علاج،منصوبہ بندی وآگاہی سے ہم ہزاروں زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں،ڈاکٹر قندیل قیصر

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک ڈاکٹر قندیل قیصر نے بچوں کی پیدائش اور نوزائیدہ بچوں کے نقصان کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ یہ دن ہمیں اس درد، دکھ اور کرب کی یاد دلاتا ہے جو ان والدین کو سہنا پڑتا ہے جن کے ہاں نوزائیدہ بچہ وفات پا جاتا ہے یا حمل ضائع ہو جاتا ہے۔

یہ صرف ایک طبی یا جسمانی صدمہ نہیں بلکہ ایک گہرا جذباتی زخم ہوتا ہے جس کے اثرات والدین کی پوری زندگی رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ معاشرہ ایسے والدین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرے، ان کی تکلیف کو سمجھے اور ان کے لیے نفسیاتی و جذباتی مدد فراہم کی جائے۔ ڈاکٹر قندیل قیصر نے کہا کہ ہمیں بطور انسان، معالج اور معاشرہ، اس دکھ سے گزرنے والے والدین کے لیے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں وہ اپنے درد کو بانٹ سکیں اور ذہنی طور پر بحالی کی طرف بڑھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں مائیں زچگی کے دوران یا اس کے فوراً بعد مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہوتی ہیں۔ اسی طرح نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات بھی تشویش ناک حد تک زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت طبی سہولیات، ماہر ڈاکٹروں کی رہنمائی، متوازن غذا اور حمل کے دوران مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تو ان اموات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر قندیل قیصر نے کہا کہ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ کے لیے جامع سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ہسپتال میں جدید زچگی وارڈ، نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت یونٹ اور ماہر خواتین ڈاکٹرز 24 گھنٹے خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنا، ماں کی صحت کا خیال رکھنا اور زچگی کے عمل کو محفوظ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ کسی ماں کو اپنے نوزائیدہ بچے کے نقصان کا دکھ سہنا نہ پڑے اور کہا کہ بروقت علاج، منصوبہ بندی، آگاہی سے ہم ہزاروں زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں۔