عراق کے دارالحکومت بغداد میں بم دھماکہ، پارلیمانی امیدوار صفا المشہدانی جاں بحق

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:13

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقےالطارمیہ میں بم دھماکے میں بغداد صوبائی کونسل کے موجودہ رکن اور آئندہ پارلیمانی انتخابات کے امیدوار صفا المشہدانی جاں بحق ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق بغداد آپریشنز کمانڈ (بی او سی)نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی نصف شب کے بعد اس وقت پیش آیا جب صفا المشہدانی کی گاڑی میں نصب بم بغداد سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال میں الطارمیہ کے علاقے میں پھٹ گیا، جس میں صفا المشہدانی جاں بحق اور 4 دیگر زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

عراقی وزیرِ اعظم اور افواج کے سپریم کمانڈر محمد شیاع السودانی نے واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جو بغداد آپریشنز کمانڈ کے سربراہ کی نگرانی میں کام کرے گی۔دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ کے سپیکر محمود المشہدی نے صفا المشہدانی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور اس قتل کو ’’بزدلانہ دہشت گردی کا عمل‘‘ قرار دیتے ہوئے حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کریں اور انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔عراقی حکام کے مطابق ملک میں پارلیمانی انتخابات نومبر میں ہوں گے۔