بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں، متعدد مراکز کو جرمانہ، درجنوں کو اصلاحی نوٹسز جاری

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں غیر معیاری خوراک، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائیاں جاری ہیں۔ کوئٹہ، اوستہ محمد اور گوادر سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بی ایف اے انسپیکشن ٹیموں نے اشیا خوردونوش کے مراکز، بیکنگ یونٹس، جنرل اسٹورز، ملک شاپس، گوشت اور چکن شاپس کی چیکنگ کی۔

ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بی ایف اے کی جانب سے کوئٹہ کے اسپینی روڈ، سریاب روڈ، مشرقی بائی پاس، جناح ٹان، پشتون آباد اور ہزارہ ٹان سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر درجنوں مراکز کی جانچ پڑتال کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران غیر معیاری دودھ، مضر صحت کھلے تیل کے استعمال، زائد المیعاد اشیا، صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کے فقدان، لائسنس کی عدم دستیابی، ممنوعہ اشیا گٹکا اور چائنیز نمک کے استعمال پر متعدد مالکان کو جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اتھارٹی حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر متعدد مراکز مالکان کے خلاف ایکشن جبکہ درجنوں کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیئے گئے۔ بی ایف اے ٹیموں نے معائنہ کے دوران فوڈ سیمپلز بھی حاصل کیے جن میں بعض میں پانی کی ملاوٹ اور مضر صحت اجزا کی آمیزش ثابت ہوئی۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبے بھر میں انسپکشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ مراکز مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت اور فوڈ بزنس لائسنس کے حصول سے متعلق تمام قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔