مقبوضہ کشمیر،نامعلوم افراد نے سیب کے بیسیوں درخت کاٹ دیئے

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نامعلوم افراد نے ضلع اسلام آباد کے علاقے سلیگام ڈنگر پورہ میں سیب کے بیسیوں درخت کاٹ ڈالے ۔ بھارتی فورسز اہلکار کشمیریوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کیلئے اس طرح کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا ،نامعلوم افراد نے باغ میں گھس کر سیب کے درخت کاٹ دیے ۔

(جاری ہے)

درختوں پر سیب لگا ہوا جو اتارے جانے کیلئے تیار تھا۔باغ مالکان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی برسوں کی محنت کو راتوں رات تباہ ہوتے دیکھ کرانتہائی غمزدہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ ہمیں مالی طور پر برباد کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ہمارا ذریعہ معاش ہم سے چھین لیاگیا۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد کشمیر کی معیشت کو تباہ کرناہے۔ سیاسی مبصرین اس کارروائی کو کشمیر کی معیشت کو کمزور کرنیکی کی مذموم بھارتی مہم کے ایک حصے کے طور پر دیکھتے ہیں۔