زیر سمندر کیبل کی مرمت کے بعد انٹرنیٹ سروسز بحال ہوگئیں

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:05

زیر سمندر کیبل کی مرمت کے بعد انٹرنیٹ سروسز بحال ہوگئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے بدھ کے روز کہا کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے زیرِ سمندر کیبل میں نصب ایک ریپیٹر کی مرمت مکمل کر لی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہو رہی تھی۔گزشتہ روز پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انٹرنیٹ صارفین، جو پہلے ہی بالائی پنجاب اور وفاقی دارالحکومت کے کچھ علاقوں میں سیاسی نوعیت کے امن و امان کے مسائل کے باعث سروس میں خلل کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں تکنیکی وجوہات کی بنا پر پیدا ہونے والے مسائل کے باعث کچھ گھنٹوں کے لیے مزید سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ نے کہا تھا کہ کمپنی کی ایک زیرِ سمندر کیبل میں موجود خرابی کو دور کرنے کے لیے مرمت کے کام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جو کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کے تحت انجام دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پی ٹی سی ایل کے ترجمان عامر پاشا نے ایک بیان میں کہا کہ مرمتی عمل 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے شروع ہوا تھا اور کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار اور کنیکٹیویٹی بحال کر دی گئی ہے،سرکاری ملکیت میں چلنے والا پی ٹی سی ایل 3 زیرِ سمندر فائبر آپٹک کیبل نیٹ ورکس کا انتظام کرتا ہے جو پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرتے ہیں،ملک کو انٹرنیٹ فراہم کرنے والے کل 6 زیرِ سمندر کیبل سسٹمز میں پی ٹی سی ایل کے تین سسٹم، ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 2، اور سائبر انٹرنیٹ سروسز کی پیِیس کیبل شامل ہیں،ان زیر سمندر کیبل سسٹمز کی مجموعی صلاحیت 13 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ ہے، جب کہ قومی سطح پر استعمال 7 سے 8 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔