ہم سب اس فانی دنیا میں عارضی مہمان ہیں، عبدالرحمٰن خانزادہ

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے نائب صدر عبدالرحمن خانزادہ نے معزز سماجی و سیاسی شخصیت رئیس غلام سرور خان انڑ اور معروف سماجی کارکن گلناز ربانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔عبدالرحمن خانزادہ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ زندگی اور موت اللہ رب العزت کی امانت ہیں۔

ہم سب اس فانی دنیا میں عارضی مہمان ہیں۔ انسان کو ہر وقت اپنی موت کی تیاری کرتے رہنا چاہیے کیونکہ واپسی کا وقت کسی کو معلوم نہیں۔انہوں نے کہا کہ رئیس غلام سرور خان انڑ نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور خالص انسانی خدمت کا جذبہ رکھنے والے شخص تھے۔ ان کی خدمات نہ صرف ان کے اپنے حلقے بلکہ پورے سندھ میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔

(جاری ہے)

جبکہ گلناز ربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ محترمہ گلناز ربانی ایک باحوصلہ، باکردار اور بے لوث سماجی کارکن تھیں، جنہوں نے خواتین، بچوں اور نادار طبقات کے لیے بے شمار خدمات انجام دیں۔

ان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں اور وہ ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہیں۔انہوں نے دونوں مرحومین کے بلند درجات اور لواحقین کے صبر کے لیے دعا کرتے ہوئے کہاکہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ رئیس غلام سرور خان انڑ اور محترمہ گلناز ربانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔

عبدالرحمن خانزادہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کا ہر کارکن ان دونوں خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے اور ان مشکل لمحات میں پوری پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات کا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوتا، مگر ان کے نقشِ قدم ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔