لداخ کے عوام مودی حکومت کی دھمکیوں اور دبائو کے ہتھکنڈوں کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے،رہنمالہہ اپیکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:20

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لہہ اپیکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے رہنمائوں نے عزم ظاہر کیاہے کہ لداخ خطے کے عوام مودی حکومت کی دھمکیوں اور دبائو کے ہتھکنڈوں کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے اور انصاف، آئین اور ریاست کے درجے کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لیہہ ایپکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے رہنمائوں نے بھارتی سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں لہہ میں 24ستمبر کو ہونے والے تشدد کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار شہریوں کی ہلاکت کی عدالتی تحقیقات کا اپنا مطالبہ دہرایا۔ لہہ میں منعقدہ مشترکہ کور گروپ کے اجلاس کے بعد انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے اپنے چار مطالبات پیش کئے ،ان میں چار شہریوں کی ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات ،موسمیاتی کارکن سونم وانگچک سمیت تمام نظربندوں کی غیر مشروط رہائی، مقتول اور زخمیوں کومعاوضوں کی ادائیگی اورلداخ کیلئے ریاستی درجے اور چھٹے شیڈول میں شمولیت سے متعلق مذاکرات شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکارپرامن مظاہرین پر وحشیانہ مظالم کے ذمہ دار ہیں۔ ظلم وتشدد کے ذریعے ان کی تحریک کو خاموش نہیں کرایاجاسکتا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گولیوں، دھمکیوں یاگرفتاریوں کے ذریعے ہمیں خاموش نہیں کرایاجاسکتا۔اس موقع پر کے ڈی اے کے رہنما اصغر علی کربلائی، ایل اے بی کے شریک چیئرمین چیرنگ ڈورجے لکروک اور دیگر رہنما موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ 24ستمبر کو ہونے والی شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف احتجاج اور ریاست کے درجے اور چھٹے شیڈول کے نفاذ کے مطالبے کے حق میں جلد ہی لداخ بھر میں خاموش مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک لداخ کے عوام کو انصاف اور ان کے آئینی حقوق نہیں مل جاتے وہ خاموش نہیں رہیں گے۔