نئے وزیر اعلیٰ کا وژن صرف ایک شخص تک محدود ہے، یہ صوبہ کیسے چلائیں گے؟ مولانا عطاء الرحمان

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے کہا ہےکہ موجودہ صورتحال میں آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے،ہر شہری یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ اس صوبے کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ۔پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ صوبے کی بحرانی کیفیت اور مفتی محمود کانفرنس پر بات کرنا چاہتا ہوں، وزیر اعلیٰ استعفیٰ آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت گورنر کو دے گا، گورنر استعفیٰ کی تصدیق کرے گا، اس کے بعد مسترد یا منظور کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے قبل گورنر نگران وزیر اعلیٰ نامزد کرے گا، ایک ٹائپ کیا ہوا استعفیٰ گورنر کو موصول ہوا، دوسرا استعفیٰ ہاتھ سے لکھا ہوا موصول ہوا اور وزیر اعلیٰ نے ایوان میں زبانی استعفیٰ بھی دیا۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر جے یو آئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے سمیت قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، گورنر کا استعفیٰ سے متعلق کوئی اقدام سامنے نہیں آیا اور وزیر اعلیٰ نے حلف لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات اس صوبے کی عوام اور آئین و قانون کے ساتھ زیادتی ہیں، نئے وزیر اعلیٰ کا وژن نہ تعلیم ہے، نہ صحت ہے اور نہ عوام کی فلاح و بہبود ہے، نئے وزیر اعلیٰ کو مشہور قیدی نمبر 804 کی فکر لاحق ہے، نیا وزیر اعلیٰ قوت بازو سے سب کام کرنا چاہتا ہے، ایسے وزیر اعلیٰ کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ صوبہ کیسے چلائیں گے، ان کا وژن صرف ایک شخص پر مرکوز ہے، اپنے قوت بازو سے مسلط ہونے والے وزیر اعلیٰ کو جے یو آئی تسلیم نہیں کرتی۔

سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ اس مرتبہ جے یو آئی مفتی محمود کانفرنس کو تاریخی بنائے گی، کانفرنس کی کامیابی کے لیے جنوبی اضلاع کا تفصیلی دورہ کیا، مالاکنڈ، ہزارہ اور وسطی اضلاع کا دورہ کیا اور ذمہ داران کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ آج پورے صوبے سے کانفرنس میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں، کوہاٹ سے اسرائیل مردہ باد کاروان روانہ ہوگا اور ڈیرہ اسماعیل خان تک جائے گا۔