ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کی زیر صدارت ضلعی سطح پر الیکشن بلاک کوڈز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

جمعرات 16 اکتوبر 2025 17:43

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیر صدارت بلدیاتی، یونین کونسل اور ضلعی سطح پر الیکشن بلاک کوڈز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس گلگت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر گلگت نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رہنما اصولوں کے تحت بلاک کوڈز کی تیاری، تصدیق اور ریکارڈ کی درستگی سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ تمام بلدیاتی و یونین کونسل سطح کے بلاک کوڈز کے عمل کو شفاف، درست اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ الیکشن کمیشن اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔