پشاور ،انڈس ہائی وے پر متنی بائی پاس پر ٹرک بے قابو ہو کر کئی موٹر سائیکلوں اور دیگر چھوٹی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا ،تین جاں بحق

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) پشاور کی حدود میں انڈس ہائی وے پر متنی بائی پاس پر ٹرک بے قابو ہو کر کئی موٹر سائیکلوں اور دیگر چھوٹی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین افراد کی جانیں چلی گئیں جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو خواتین بھی بتائی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جمعرات کی شام انڈس ہائی وے پر پولیس سٹیشن متنی (پشاور)کی حدود میں کوہاٹ سے پشاور جانے والا ایک ٹرک مبینہ طور پر بریک فیل ہو جانے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا اور کئی گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔

بعض اطلاعات کے مطابق حادثہ میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک کا تعلق بدھ بیر پشاور سے بتایا جاتا ہے۔ریسکیو ٹیم اور پولیس نے جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔