لہہ اپیکس باڈی کی طرف سے کل لداخ میں خاموش مارچ اور بلیک آئوٹ کی کال

مارچ کے شرکااحتجاج کے طورپر اپنے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور کوئی نعرہ نہیں لگایاجائے گا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:22

لہہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) لہہ اپیکس باڈی نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے خطے لداخ کے علاقے لہہ میں 24ستمبر کو بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مظاہرین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل لداخ میں خاموش مارچ اوربلیک آئوٹ کی کال دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لہہ اپیکس باڈی نے ایک بیان میں کہاہے کہ احتجاج کا مقصد نظربند کشمیری نوجوانوں کی رہائی کیلئے بھارتی حکومت پر دبائو بڑھانا بھی ہے ۔

(جاری ہے)

لہہ اپیکس باڈیاور کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے آئین کے چھٹے شیڈول کے نفاذ اور لداخ کی ریاستی حیثیت کے مطالبات کیلئے منگل کو احتجاج کا اعلان کیاتھا اور بھارتی حکومت کے ساتھ بات چیت دوبارہ کے لیے چاروں مظاہرین کے قتل کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کی پیشگی شرط عائد کی تھی۔ایک ہنگامی میٹنگ کے بعدلہہ اپیکس باڈی نے دو گھنٹے کے خاموش احتجاج اور تین گھنٹے کے بلیک آئوٹ کااعلان کیا ہے۔ مارچ کے شرکااحتجاج کے طورپر اپنے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور کوئی نعرہ نہیں لگایاجائے گا ۔