Live Updates

وزیراعلیٰ کےپی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی غیرجمہوری طرزعمل ہے

صوبائی حکومت کی تشکیل کیلئے یہ ملاقات انتہائی اہم ہے، حکومتی غیرجمہوری اقدامات ہماری سیاسی روایات کو مزید کمزور کریں گے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 اکتوبر 2025 18:28

وزیراعلیٰ کےپی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی غیرجمہوری ..
پشاور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 اکتوبر 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کےپی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی غیرجمہوری طرزعمل ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے منتخب وزیرِاعلیٰ کو مرکزی اور صوبائی حکومت کو درخواست کے باوجود اپنے قائد عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی غیرجمہوری طرزِعمل ہے۔

صوبے میں حکومت کی تشکیل کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے یہ ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ایسے غیر جمہوری اقدامات ہماری سیاسی روایات کو مزید کمزور کریں گے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے آج وفاقی حکومت کی زراعت اور افغان مہاجرین کے حوالے سے میٹنگ میں ذاتی طور پر شرکت سے اس لیے معذرت کی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا کی عوام نے عمران خان کو ووٹ اور مینڈیٹ دیا ہے اور جب تک میں عمران خان سے مل کر پالیسی گائیڈ لائنز نہیں لیتا تو کسی ایسی میٹنگ میں شرکت صوبے کی عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔

(جاری ہے)

میں امید کرتا ہوں کہ وفاقی حکومت جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرے گی اور متعلقہ اتھارٹیز کو ڈائریکشن جاری کرے گی تاکہ میری اپنے لیڈر اور خیبرپختونخوا کی عوام کے مینڈیٹ کے امین اور نمائندہ عمران خان سے ریگولر ملاقات کا انتظام کیا جائے۔ اس حوالے سے ہماری قانونی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت تمام قانونی فورمز پر بھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

سپیشل پاور آف اٹارنی کے ذریعے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا، درخواست میں وفاق اور پنجاب کے سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ سید علی بخاری کے ذریعے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ صوبائی کابینہ مشاورت کیلئے بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی ضروری ہے، عمران خان اس وقت سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں قید ہیں، وزارت داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کو ملاقات کیلئے پہلے ہی درخواست دی جا چکی ہے۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ کابینہ تشکیل اور گورننس کے حساس معاملات پر بانی سے رہنمائی لینا لازمی ہے، قانونی و اخلاقی طور پر پیٹرن انچیف سے مشاورت ضروری ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات