اجتماعِ عام ملک و ملت کے لیے امید و رہنمائی کا پیغام ہوگا، جاوداں فہیم

اجتماع بدلتے عالمی حالات میں عوام کی فکری و عملی سمت متعین کرے گا ،ْخواتین معاشرے کی تشکیل و اصلاح میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ،ْناظماتِ اضلاع سے خطاب

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے ناظماتِ اضلاع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا اجتماعِ عام ملک و ملت کے لیے امید، رہنمائی اور تبدیلی کا پیغام بنے گا۔ یہ اجتماع بدلتے ہوئے ملکی و عالمی حالات میں عوام کی فکری و عملی سمت متعین کرے گا اور کارکنانِ جماعت کو اقامتِ دین کی جدوجہد کے لیے مزید مضبوط عزم عطا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کی تشکیل و اصلاح میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی برسوں سے ملک کے ہر گوشے میں دعوت، خدمت اور اصلاحِ معاشرہ کے عظیم مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے تحت مختلف ادارے اور تمام سطحوں کا نظم اس تاریخی اجتماع میں شرکت کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

جاوداں فہیم نے کہا کہ مینارِ پاکستان کے تاریخی مقام پر ہونے والا یہ اجتماع ایمان، عزم اور جدوجہد کی نئی روح پھونک دے گا۔ یہ نوجوانوں اور خواتین کے لیے فکری و نظریاتی رہنمائی کا نادر موقع ثابت ہوگا، جو انہیں میدانِ عمل میں متحرک کرے گا۔آخر میں ناظمہ کراچی نے شہر کی سطح پر ذمہ داران کا تقرر کیا اور اجتماعِ عام میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے ناظمات اضلاع کو اہداف دیے۔