صدر آصف علی زرداری کو چار سفیروں نےاپنی اسناد سفارت پیش کیں

جمعہ 17 اکتوبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری کو پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چار غیر ملکی سفراء نے جمعہ کو ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سےجاری بیان کے مطابق جن سفیروں نے اسناد سفارت پیش کیں ان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر مقرر طارق علی خان، جمہوریہ لبنان کے سفیر عبدالعزیز عیسیٰ، نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ، اور نیوزی لینڈ کے نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن (کولمبو میں مقیم) شامل تھے۔

ایوان صدر پہنچنے پر سفیروں کا پاکستان کی مسلح افواج کے ایک نہایت چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔نئے سفیروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے انہیں ان کی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تقرریاں پاکستان کے ان کے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

(جاری ہے)

صدر نے کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں پر زور دیا ۔

انہوں نے عوام سے عوام کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار کو سراہا۔ لبنان کے سفیر سے اپنی بات چیت میں صدر نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی گہری ہمدردی کا اعادہ کیا اور شہریوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی۔

انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور دوطرفہ تجارت، سیکورٹی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔نیدرلینڈز کے سفیر سے اپنی ملاقات کے دوران صدر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پانی کے انتظام، موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں نیدرلینڈز کے ساتھ شراکت داری کو سراہا اور پاکستان میں ڈچ سرمایہ کاری کو بڑھانے کی پیشکش کی۔ نیوزی لینڈ کے نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر کے ساتھ اپنی بات چیت میں صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دولت مشترکہ کی مشترکہ وراثت اور جمہوری اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زراعت، لائیو سٹاک، ماہی گیری اور صاف توانائی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے کثیرالجہتی اقدامات پر نیوزی لینڈ کی حمایت کی تعریف کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چاروں سفیروں کے لیے کامیاب اور ثمر آور مدتِ تعیناتی کی دُعا کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں باہمی مفاد کے لیے مضبوط دوطرفہ اور کثیرالجہتی شراکت داریوں کا باعث بنیں گی۔اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔