پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا اور دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کیا، وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی

اتوار 19 اکتوبر 2025 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا اور دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور ان کی ٹیم کی انتھک کاوشوں نے پاکستان پر بین الاقوامی اعتماد بحال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور عالمی سطح پر دوبارہ احترام حاصل کر رہا ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ حال ہی میں طے پانے والا دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ “ریاض سے تہران تک پاکستان کی سفارت کاری کو سراہا جا رہا ہے۔

” ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی اہلیت کے باعث عالمی سطح پر شناخت حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری عسکری قوت ناقابلِ سوال ہے اور ہماری خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے، چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب سے پہلے ہے باقی سب بعد میں۔