امریکی خاتون کا ڈرائیور پر اچانک حملہ، بس بے قابو ہوکرریسٹورنٹ میں جاگھسی

حادثے میں دوافرادشدید زخمی،حملہ کرنے اور حادثہ کرانے کے الزام میں خاتون کو قید کی سزا

اتوار 19 اکتوبر 2025 12:56

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) ایک امریکی خاتون نے تلخ کلامی کے بعد بس ڈرائیور پر حملہ کر کے اسے زخمی کردیا، بس بے قابو ہوکر ایک ریسٹورنٹ میں جا گھسی، عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن کے شہر میڈیسن میں ایک امریکی خاتون کو بس ڈرائیور پر حملہ کرنے اور حادثہ کرانے کے الزام میں قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جانسن نے ڈرائیور پر اس وقت حملہ کیا جب اس نے اسے بتایا کہ یہ بس اس کے مطلوبہ اسٹاپ تک نہیں جائے گی کیونکہ یہ اس کا روٹ نہیں ہے۔یہ بات سنتے ہی خاتون طیش میں آگئی اور ڈرائیور پر مکوں کلی بارش کردی اچانک غیر متوقع طور پر ہونے والے حملے سے ڈرائیور نے بس پر اپنا کنٹرول کھو دیا اور بس بے قابو ہوکر ایک ریسٹورنٹ کی عمارت سے جا ٹکرائی۔

(جاری ہے)

حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو اسپتال منتقل کرنا پڑا، اس دوران بھی جانسن ڈرائیور پر مسلسل تشدد کرتی رہی۔عدالت میں جانسن نے خود پر لگنے والے الزامات قبول کرتے ہوئے جرم کا اعتراف کیا۔ جس کے بعد عدالت نے اسے تین سال قید اور تین سال نگرانی کی سزا سنائی۔اس کے علاوہ جانسن پر میڈیسن میٹرو ٹرانزٹ کی تمام املاک، بشمول بسوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے یعنی آئندہ وہ اس کمپنی کی بس میں سفر نہیں کرسکے گی۔