ملک گیر پولیو مہم کے پہلے چھ دنوں کے دوران 43.7 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں،این سی او سی

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا کہ ملک گیر پولیو مہم کے پہلے چھ دنوں کے دوران 43.7 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں 23 ملین سے زائد بچوں کو ویکسین لگائی گئی جب کہ سندھ میں 10.4 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔

این ای او سی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 6.16 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کےقطرے پلائے گئے، اس کے بعد بلوچستان میں 2.58 ملین، اسلام آباد میں 466,000، گلگت بلتستان میں 294,000 اور آزاد جموں و کشمیر میں 733,000 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔این ای او سی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے مستقبل کو پولیو سے بچانا ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہےجو پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے میں والدین اور سرپرستوں کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

این ای او سی نے والدین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ویکسینیشن ٹیموں کا خیر مقدم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچوں کو انسداد پولیو مہم کے دوران زندگی بچانے والے پولیو کے قطرے پلائیں۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ مدد یا معلومات کے لیے شہری 1166 پر کال کر کے یا 0346-7776546 پر واٹس ایپ میسج کر کے پولیو ٹیم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ این ای او سی نے کہا کہ جنوبی خیبر پختونخواہ میں مہم 20 اکتوبر سے چلائی جائے گی۔