کراچی ، پولیس کا کالعدم ٹی ٹی پی کے دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

اتوار 19 اکتوبر 2025 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے مضافات میں ہونے والے ایک ’مقابلے‘ کے بعد کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس آئی یو کے ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق یہ مقابلہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور عسکریت پسندوں کے درمیان ملیر سٹی میں ’تھڈو نالہ‘ پل کے قریب ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو مشتبہ افراد، جن کے نام خالد اور عدیل بتائے گئے ہیں، زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار افراد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھتے ہیں،پولیس کی موبائل پر بھی عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، تاہم اہلکار محفوظ رہے۔ ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ایس آئی یو کے ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق زخمی مشتبہ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔