سینیٹر طلحہ محمود کا اے پی این ای سی کے اعزاز میں عشائیہ، سعودی سفارتکار سعیدالمالکی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

اتوار 19 اکتوبر 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر محمد طلحہ محمود نے آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ تقریب میں سینئر سعودی سفارتکار سعید المالکی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔عشائیے میں اے پی این ای سی کے چیئرمین صدیق انزر، سیکرٹری جنرل نازیہ ریاض، کنفیڈریشن کے سینئر عہدیداران، اراکین پارلیمنٹ، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شامل تھیں۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا اور سعید المالکی کی موجودگی کو پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور دیرینہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نےاے پی این ای سی کی میڈیا کارکنوں کے حقوق و فلاح کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ میڈیا نے ملک میں جمہوریت، شفافیت اور عوامی آگاہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے میڈیا برادری کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور حکومت، میڈیا تنظیموں اور ورکر یونینز کے درمیان مسلسل تعاون کو ضروری قرار دیا تاکہ ایک آزاد، ذمہ دار اور بااخلاق صحافت کو فروغ دیا جا سکے۔مہمانِ خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے سعید المالکی نےاے پی این ای سی کی کاوشوں اور پاکستانی میڈیا کے مثبت بیانیے کے فروغ اور پاکستان و سعودی عرب جیسے برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر امن، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔اے پی این ای سی کے چیئرمین صدیق انزر اور سیکرٹری جنرل نازیہ ریاض نے سینیٹر طلحہ محمود کا عشائیے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور سعید المالکی کی شرکت کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے پی این ای سی صحافتی کارکنوں کی فلاح و بہبود اور صحافتی دیانت داری کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔تقریب کا اختتام خیر سگالی کے جذبات، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم اور پاکستان میں میڈیا سیکٹر کو بااختیار بنانے کی کوششوں کی حمایت کے ساتھ ہوا۔