پاکستان اصلاحات کی راہ پر گامزن ، عالمی سرمایہ کار کے ذریعے پہلی اسٹریٹجک نجکاری پاکستان کی مارکیٹ اور گورننس فریم ورک پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے،خرم شہزاد

اتوار 19 اکتوبر 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے برسوں بعد ایک بڑے عالمی سرمایہ کار کے ذریعے پہلی اسٹریٹجک نجکاری مکمل کر کے معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی مضبوط علامت پیش کی ہے۔اتوار کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (آئی ایچ سی) نے فرسٹ ویمن بینک میں حکومت کا سو فیصد شیئر حاصل کرلیا ہے جس کی مالیت 5 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ پیش رفت پاکستان کی مارکیٹ اور گورننس فریم ورک پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے نئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ مشرق وسطی میں عالمی جائنٹس انویسٹمنٹ کے حوالے سے مشہور کمپنی ہے جس کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن 880 ارب درہم (240 ارب ڈالر) سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

یہ دنیا کے بڑے عالمی سرمایہ کاروں میں شمار ہوتی ہے اور 1,300 سے زائد ذیلی اداروں کی مالک ہے جو مالیاتی خدمات، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر، مائننگ، توانائی اور صحت سمیت متعدد شعبوں میں سرگرم عمل ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ فرسٹ ویمن بینک کو ایک مکمل جدید، مصنوعی ذہانت سے چلنے والا کمرشل بینک بنایا جائے گا، جو ڈیجیٹلائزیشن، آٹومیشن اور بین الاقوامی معیارات کے ذریعے پاکستان کے مالیاتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔یہ حصول IHC کے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری منصوبے کا حصہ ہے۔ کمپنی کا وسائل سے متعلق ادارہ انٹرنیشنل ریسورسز ہولڈنگ (IRH) پہلے ہی مائننگ اور توانائی کے شعبوں میں بڑے حصص رکھتا ہے، جو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شعبوں میں IHC کی گہری دلچسپی کا ثبوت ہے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ یہ سنگ میل عالمی منڈیوں کو یہ مضبوط پیغام دیتا ہے کہ پاکستان اصلاحات کی راہ پر گامزن ہے اور یہاں طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے مستحکم، شفاف اور مواقع سے بھرپور ماحول موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں، سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور امریکا کی نئی دلچسپی، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے اپ گریڈز اور آئی ایم ایف جائزے کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستان خود کو ایک بااعتماد، اصلاحاتی اور سرمایہ کار دوست ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں تیزی کے ساتھ اب فوکس ان کامیابیوں کو پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے نجی شعبے کی قیادت میں ٹھوس مواقع میں بدلنے پر ہے۔