انڈونیشیا کی معیشت نے 40ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا 2025 کے اختتامی دن تک 22.83 ارب ڈالر مالیت کی تجارتی ڈیلز حاصل کرلیں

اتوار 19 اکتوبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) انڈونیشیا کی معیشت نے 40ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا (TEI) 2025 کے اختتامی دن تک 22.83 ارب ڈالر مالیت کی تجارتی ڈیلز حاصل کرلیں جو انڈونیشین روپیہ میں 376.23 بلین کے برابر ہیں۔انڈونیشیا کے وفاقی وزیر برائے تجارت بُدی سانیوسو نے اتوار کو BSD کے انڈونیشیا کنونشن ایگزیبیشن (ICE) میں منعقدہ اختتامی تقریبِ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاشی و تجارتی سرگرمی ملک کی معیشت کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ روزہ نمائش میں حاصل ہونے والی مجموعی لین دین کی مالیت 22.83 ارب ڈالر رہی، جو حکومت کے مقررہ ہدف 16.5 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ غیر ملکی خریداروں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث یہ اعداد و شمار 23 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر جائیں گے۔

(جاری ہے)

بُدی سانیوسو کے مطابق یہ کامیابی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ انڈونیشی مصنوعات نہ صرف عالمی منڈی میں مسابقت کی اہل ہیں بلکہ کئی شعبوں میں نمایاں مقام بھی حاصل کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ TEI نے قدرتی وسائل اور افرادی قوت کی صلاحیتوں کو پائیدار اور اعلیٰ معیار کی برآمدی مصنوعات کی شکل میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔پانچ روزہ ایکسپو میں 131 ممالک سے 34 ہزار 550 افراد نے شرکت کی، جو 30 ہزار کے مقررہ ہدف سے زیادہ ہے۔ غیر ملکی خریداروں کی تعداد 8 ہزار 45 رہی۔ ان میں سب سے زیادہ شرکا ملائیشیا (769)، چین (605)، بھارت (594)، نائیجیریا (509) اور مصر (406) سے آئے، جبکہ پاکستان سے 60 خریدار شریک ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 40ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا نے 2024 کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی اور قابلِ اعتماد B2B نمائش کے طور پر اپنی ساکھ مزید مستحکم کی ہے۔ اس نمائش کا انعقاد وزارتِ تجارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے نیشنل ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ کے تحت کیا گیا۔ایکسپو میں 60 سے زائد کاروباری شخصیات، تاجر اور برآمد کنندگان نے حصہ لیا، جبکہ فوڈ، بیوریج، ایگریکلچر، مینو فیکچرڈ مصنوعات اور سروسز و لائف اسٹائل سمیت 59 سے زیادہ مصنوعات کیٹیگریز پیش کی گئیں۔

نمائش کے دوران B2B میچنگ، ٹریڈ مشنز، بزنس فورم اور بزنس کاؤنسلنگ جیسے خصوصی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔ایکسپو کا عنوان "Trade Expo Indonesia 2025" اور تھیم "Discover Indonesia's Excellence: Trade Beyond Boundaries" تھا، جس کا مقصد انڈونیشی برآمدات کو فروغ دینا، بین الاقوامی تجارت کو وسعت دینا اور عالمی منڈی سے مضبوط تعلقات استوار کرنا تھا۔نمائش کا ہدف بین الاقوامی خریدار، درآمد و برآمد کنندگان، مینوفیکچررز، اور تجارتی ماہرین تھے، جبکہ اس دوران کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے نیٹ ورکنگ اور مشاورت کے خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔