اسرائیل پر پابندیاں اب بھی زیر غور ہیں ،یورپی یونین

منگل 21 اکتوبر 2025 10:20

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) یورپی یونین نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل پر پابندیاں اب بھی زیرِ غور ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق یورپی یونین کی امورِ خارجہ کی سربراہ کاجا کیلس نے گزشتہ روز لیکسمبرگ میں یورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ اسرائیل پر پابندیوں کی تجویز بدستور زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں خاص طور پر 10 اکتوبر کے بعد غزہ کی صورت حال پر بھی غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کی پیش رفت کے بعد صورت حال یقیناً تبدیل ہو گئی ہے، مگر اصل سوال یہ ہے کہ یورپی وزرائے خارجہ اسرائیل کے خلاف مجوزہ پابندیوں کے بارے میں کیا فیصلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ یورپی کمیشن نے تقریباً دو سال کی خاموشی کے بعد پہلی بار 10 ستمبر کو اسرائیل کی خلاف ورزیوں پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے پابندیوں کی تجاویز پیش کی تھیں۔ان تجاویز میں یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان شراکت داری معاہدے کے تحت اشیا ءکی آزادانہ نقل و حمل کے حق کو معطل کرنا، کسٹم ڈیوٹیز عائد کرنا اور فلسطینی مقبوضہ علاقوں پر قبضہ کرنے والے اسرائیلی شہریوں کے علاوہ اسرائیلی وزرا ایتمار بن گویر اور بزالیل سموٹریچ پر انفرادی پابندیاں لگانا شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :