سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کاآفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

ہفتہ 1 نومبر 2025 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2025ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب شعبان میرانی کی وفات سے پیپلز پارٹی ایک مخلص، باوفا اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔

ان کی سیاسی جدوجہد، اصول پسندی اور عوامی خدمت کی روایت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مرحوم آفتاب شعبان میرانی نہ صرف پیپلز پارٹی کے وفادار ساتھی تھے بلکہ ایک دردمند، مخلص اور اصولوں پر قائم سیاستدان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی رفقا میں شامل تھے، جنہوں نے ہر دور میں پارٹی اور عوام کے ساتھ اپنی وفاداری کو نبھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آفتاب شعبان میرانی نے مشکل ترین سیاسی حالات میں بھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی۔ ان کی خدمات سندھ کی سیاست اور عوامی فلاح کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ ان کا کردار برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کی علامت تھا۔آخر میں شرجیل انعام میمن نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔