پاکستان کی عالمی تمباکو انڈسٹری انٹرفیرنس انڈیکس 2025 کی درجہ بندی میں بہتری

جمعہ 14 نومبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2025ء) پاکستان نے عالمی تمباکو انڈسٹری انٹرفیرنس انڈیکس 2025 میں اپنی درجہ بندی میں بہتری ظاہر کی ہے۔ یہ رپورٹ سوسائٹی فار آلٹرنیٹو میڈیا اینڈ ریسرچ (سمر) کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں جاری کی گئی جس میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کے باوجود انڈسٹری کی مداخلت میں معمولی اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان اب 100 ممالک میں 33 ویں نمبر پر کھڑا ہے جو کہ 2023 میں 90 ممالک میں 32 ویں پوزیشن پر تھا ،موجودہ رینکنگ پچھلے سال سے بہتری کی نشاندہی کرتی ہے تاہم پاکستان کا سکور 53 سے بڑھ کر 54 ہو گیا ہے ، سکور میں اضافہ تمباکو انڈسٹری کی جانب سے زیادہ مداخلت کی نشاندہی کرتا ہے ،ایک سکور کا اضافہ غیر ہیلتھ سیکٹر سے متعلق بعض حکومتی محکمہ جات اور تمباکوانڈسٹری کے مابین بڑھتے ہوئے روابط اس معمولی اسکور میں اضافہ کا باعث ہیں جس نے پاکستان کے سکورپر ہلکا منفی اثر ڈالا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں وزارت قومی صحت کے تحت کام کرنے والے ٹوبیکو کنٹرول سیل (ٹی سی سی) کے کردار کو سراہا گیا ہے جس نے تمباکو صنعت کی جانب سے قوانین میں ترمیم کے لئے کی گئی شدید لابنگ اور پریشر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ سمر نے اس عزم کو ادارہ جاتی مضبوطی کی ایک نمایاں مثال قرار دیا۔انڈیکس میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کو ایک باضابطہ، ضابطہِ اخلاق اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ تمام سرکاری محکموں اور تمباکو صنعت کے درمیان تعلقات کو واضح رہنمائی کے تحت لایا جا سکے، یہ اقدام عالمی ادارہ صحت کے فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول (ایف سی ٹی سی ) کے آرٹیکل 5.3 کے مطابق ہوگا۔

سمر نے افتتاحی تقریب میں سفارش کی ہے کہ اس ضابطہ اخلاق کی نگرانی اور عملدرآمد ٹوبیکو کنٹرول سیل کی زیرِ نگرانی ہونی چاہئے تاکہ شفافیت اور باقی غیر صحت کے محکمہ جات میں جاری پالیسیوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔سمر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور معروف صحافی مظہر عارف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ بروقت ہے اور امید ہے کہ حکومت اس کی سفارشات پر عملدرآمد کرے گی، یہ رپورٹ پاکستان کی آئندہ سی او پی (سی او پی ) اور ایم او پی (ایم او پی ) میٹنگز کی تیاری میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمر حکومت اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر تمباکو کنٹرول پالیسیوں کو صنعت کے اثر سے محفوظ رکھنے کے عزم پر قائم ہے تاکہ پاکستان ایک تمباکو اور نکوٹین فری مستقبل کی جانب بڑھ سکے۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل ڈاکٹر نادیہ نورین، پروجیکٹ منیجر ٹوبیکو کنٹرول سیل آفتاب احمد سمیت صحت کے ماہرین، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔