حجرہ شاہ مقیم ،ریل ٹریک کے کنارے ’’قاتل کھمبے‘‘ حادثات کا سبب بننے لگے

گارڈ معراج خالد زخمی، متعدد اموات کے بعد بھی پول نہ ہٹائے جانے پر شدید احتجاج

منگل 25 نومبر 2025 10:55

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2025ء) ریلوے ٹریک کے بالکل قریب نصب بوسیدہ بجلی کے کھمبے مسافروں اور عملے کی جان کے لیے سنگین خطرہ قرار، ریلوے افسران اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔سنگین واقعہ اس وقت پیش آیا جب جے سی ٹی آرریل گاڑی یارڈ سے نکلنے کے کچھ دیر بعد اچانک ٹرین میں بریک کا مسئلہ پیدا ہوا اور ڈیوٹی پر مامور گارڈ معراج خالد نے چلتی ٹرین سے نیچے جھک کر صورتحال دیکھنے کی کوشش کی جس دوران ٹریک کے ساتھ کھڑے پول ان کے سر سے ٹکرا گئے۔

انہیں فوری طور پر رائیونڈ ریلوے اسٹیشن لایا گیا جہاں ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ معراج خالد کا کہنا ہے کہ یہ بجلی کے پول اس دور کی نشانی ہیں جب ریلوے پر بجلی سے چلنے والے انجن استعمال ہوتے تھے، مگر اب نہ ان کی ضرورت باقی ہے اور نہ ان پر کوئی تار موجود ہے، اس کے باوجود یہ خطرناک پول ابھی تک لاہور ڈویژن میں جگہ جگہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملتان ڈویژن نے تمام پول اکھاڑ کر جنرل اسٹور منتقل کر دیے ہیں مگر لاہور ڈویژن نے تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ گارڈ کے مطابق انہی پولز کے باعث متعدد ریلوے ملازمین اور مسافر اپنی جان گنوا چکے ہیں، جن میں ملتان ڈویژن کے وہ گارڈ بھی شامل ہیں جو حال ہی میں یوسف والا ریلوے اسٹیشن پر دورانِ ڈیوٹی اسی حادثے کا شکار ہوئے۔

معراج خالد نے کہا کہ وہ شدید درد اور چوٹ کے باعث ڈیوٹی جاری رکھنے کی حالت میں نہیں، مگر اس کے باوجود وہ یہ معاملہ سامنے لانا ضروری سمجھتے ہیں تاکہ مستقبل میں کوئی اور ریلوے ملازم یا مسافر اس غفلت کا نشانہ نہ بنے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری احکامات جاری کر کے ان ’’قاتل کھمبوں‘‘ کو اکھاڑنے کے انتظامات کیے جائیں، تاکہ مزید جانیں ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔