سہیل آفریدی کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

عدالت کا وزیراعلی خیبرپختونخوا کو9 دسمبر تک درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم

ہفتہ 29 نومبر 2025 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 نومبر2025ء) وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی حفاظتی ضمانت اور ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جبکہ وزیر اعلی کو 9 دسمبر تک درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔جسٹس اعجاز انور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جاری کردہ حکم نامے میں تحریر کیا ہے کہ سائبر کرائم اسلام آباد میں وزیر اعلی سہیل آفریدی کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت کا کہنا تھا کہ نیب، اینٹی کرپشن اور آئی جی پی کی جانب سے مطلوبہ رپورٹس ابھی تک عدالت میں جمع نہیں کرائی گئیں۔سماعت کے دوران عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ وزیر اعلی کے ماتحت اداروں کے معاملات میں عدالت کس طرح مداخلت کر سکتی ہے، تاہم ایڈووکیٹ جنرل اس حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔ہائیکورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کی رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کو یقینی بنایا جائے۔