ٰگورنر کی تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ علم نہیں، فیصل کریم کنڈی کا ردعمل

تبدیلی کے حوالے سے پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا وہ قبول کروں گا، اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ حافظ ہے؛ گورنرخیبرپختونخواہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 نومبر 2025 18:30

ٰگورنر کی تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ علم نہیں، فیصل کریم کنڈی کا ردعمل
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2025ء) گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا عہدے سے ہٹانے کی خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔ اس سلسلے میں پشاور میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر کی تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ علم نہیں، اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ حافظ ہے، میری تبدیلی کے حوالے سے پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا وہ قبول کریں گے۔

قبل ازیں جیو نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبے میں تعینات کیے جانے والے نئے گورنر کے لیے اس وقت 6 ناموں پر غور کیا جارہا ہے، زیرِغور ناموں میں 3 سیاسی شخصیات اور تین سابق فوجی افسران شامل ہیں، نئے گورنر کیلئے جن سیاسی شخصیات کے ناموں پر غور ہورہا ہے ان میں امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیر پاؤ اور پرویز خٹک کا نام لیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان کے نام بھی گورنر خیبرپختونخواہ کے عہدے کیلئے زیر غور ہیں، ان میں سے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ طارق خان سابق آئی جی ایف سی رہ چکے ہیں جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد ربانی اپنی سروس کے دوران کور کمانڈر پشاور بھی تعینات رہے تھے۔