gپنجاب و آزاد جموں کشمیر بار کونسل کی ممبر شپ فیصلہ

ش*دونوں بار کونسل کی ممبر شپ رکھنے والے وکلاء کو دس روز میں فیصلہ کرنا ہوگا

اتوار 21 دسمبر 2025 18:10

} لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 دسمبر2025ء) پنجاب بار کونسل اور آزاد جموں کشمیر بار کونسل کے ممبران کو دس روز میں کسی ایک ممبر شپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنا ہوگا۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیع اللہ ناگرہ نے مشترکہ اجلاس میں کہا کہ دونوں جگہ ووٹ کاسٹ کرنے والا ممبر مس کنڈیکٹ کے زمرے میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء آئین و قانون کی پاسداری کرنے والا طبقہ ہیں اور جعلی وکلاء کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے، جبکہ میرٹ اور شفافیت پر کسی طور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین آزاد جموں کشمیر بار کونسل محمد طارق بشیر، چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی محمد طارق ندیم خان، چیئرمین آئی ٹی کمیٹی وسیم صابر، اور پنجاب بار کونسل کمیٹی کے چیئر مین بشارت اللہ خان، اسد محمود عباسی، رشیدہ لودھی، سردار حبیب انور، ملک سلیم اقبال، سردار عبدالباسط بلوچ، سیکرٹری رفاقت علی سوہل، اسسٹنٹ سیکرٹری محمد ندیم سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران پانچ نقاط پر معاہدہ طے پایا، جس کے مطابق ممبران صرف پنجاب بار کونسل یا آزاد جموں کشمیر بار کونسل میں سے کسی ایک کی ممبر شپ رکھ سکیں گے۔ دونوں جگہ ممبر ہونے کی صورت میں ووٹ کاسٹ کرنے کا حق نہیں ہوگا اور دہری ممبرشپ کی نشاندہی پر مس کنڈیکٹ کے زمرے میں شامل کیا جائے گا۔ آزاد جموں کشمیر بار کونسل اپنے ممبران کا ڈیٹا پنجاب بار کونسل کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کرے گی تاکہ دہری ممبرشپ کی جانچ ممکن ہو سکے۔ آئندہ اجلاس 27 دسمبر کو ہوگا، جس میں سخت فیصلے کیے جائیں گے۔